آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران متحدہ عرب امارات کے اوپننگ بلے باز محمد زوہیب کو بھارت سے واپس دبئی بھیج دیا گیا ہے، محمد زوہیب کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ بھارت کے شہر چنئی میں جاری ورلڈ کپ میچز کیلئے یو اے ای ٹیم کیساتھ موجود تھے۔
ایمریٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محمد زوہیب کو نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر سکواڈ سے واپس بھیجا گیا ہے، بورڈ کے مطابق معاملے کی مزید تفصیلات مناسب وقت پر فراہم کی جائیں گی تاہم فی الحال مزید تبصرہ نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب محمد زوہیب نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ٹیم انتظامیہ پر ناانصافی کا الزام لگایا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ میں شامل افراد بھارتی ہیں اور انہیں انکے پاکستانی پس منظر کی وجہ سے نظرانداز کیا گیا۔
محمد زوہیب کے مطابق کوچنگ سٹاف نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ خود کو انجری کا شکار قرار دیں تاکہ انہیں واپس بھیجا جا سکے اور انکار پر انکے مستقبل کے کیریئر کے بارے میں دھمکایا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعد میں والدہ کی صحت کا بہانہ بنا کر انہیں دبئی جانے کو کہا گیا جبکہ کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی۔
بھارتی ایئرپورٹ سے جاری بیان میں محمد زوہیب نے اماراتی کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی سے باقاعدہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اماراتی کرکٹ بورڈ نے تاحال ان مخصوص الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔




