وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کو دہشت گردی کیخلاف دنیا کیلئے ڈھال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کیلئے عالمی سطح پر مضبوط اقدامات کی ضرورت ہے۔
پیر کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی اور یورپین کمشنر میگنس برنرنے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
اطالوی وزیر داخلہ اور یورپین کمشنر نے اسلام آباد خودکش دھماکے کی مذمت اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد خودکش دھماکے کے المناک واقعے کی خبر سن کر گہرا دکھ ہوا، اٹلی کی حکومت اور اپنی جانب سے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کیلئے اٹلی تعاون جاری رکھنے کیلئے تیار ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کیلئے عالمی سطح پر مضبوط اقدامات کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان دنیا کیلئے ایک ڈھال ہے۔




