بیجنگ (شِنہوا) چین نے صنعتی شعبے میں ماحول دوست مائیکرو گرڈز کے فروغ کے لئے نئے رہنما اصول جاری کئے ہیں جو کہ توانائی کے نئے شعبے کو مضبوط بنانے اور اہم صنعتوں میں کاربن کے اخراج میں کمی لانے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
صنعتی ماحول دوست مائیکرو گرڈز دراصل توانائی کے وہ مربوط نظام ہیں جنہیں بنیادی طور پر صنعتی صارفین کو صاف ستھری بجلی فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان میں شمسی اور پون توانائی، اعلیٰ کارکردگی کے حامل ہیٹ پمپ، توانائی ذخیرہ کرنے کے جدید حل اور توانائی کے انتظام کے ذہین نظام جیسی ٹیکنالوجیز کو یکجا کیا گیا ہے۔
اس وقت چین بھر میں 300 سے زائد مائیکرو گرڈ منصوبے کام کر رہے ہیں۔ تاہم یہ شعبہ ابھی اپنے آزمائشی مرحلے میں ہے اور اسے کئی چیلنجز کا سامنا ہے جن میں یکساں تکنیکی معیارات کی کمی، نامکمل مارکیٹ میکانزم اور مرکزی بجلی کے نظام کے ساتھ ہم آہنگی کا فقدان شامل ہے۔
ان مسائل کے حل کے لئے وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم آئی آئی ٹی) سمیت 5 سرکاری محکموں کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کردہ ہدایات میں متعدد اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔
سرکاری دستاویز کے مطابق صنعتی اداروں اور پارکس میں قابل تجدید توانائی کے نئے تعمیر شدہ منصوبوں کے لئے یہ یقینی بنانا لازمی ہوگا کہ ان کی سالانہ بجلی کا کم از کم 60 فیصد حصہ مقامی سطح پر یا قریبی علاقوں میں استعمال ہو۔ اس کے علاوہ جدید آلات اور ٹیکنالوجیز کی تیاری کو بھی ترجیح دی جائے گی، ان میں ہائیڈروجن کی پیداوار کے لئے پانی کی اعلیٰ کارکردگی والی الیکٹرولیسز، فیول سیل پاور جنریشن کی سہولیات اور ہوا و سورج کی توانائی سے منسلک ہائیڈروجن کی پیداوار کے لچکدار نظام شامل ہیں۔
وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم آئی آئی ٹی)کے ایک اہلکار نے بتایا کہ وزارت کلیدی صنعتوں کے لئے پالیسی حمایت اور رہنمائی کو بہتر بنائے گی تاکہ بڑے صنعتی شعبوں کی ماحول دوست اور کم کاربن منتقلی کو ٹھوس مدد فراہم کی جا سکے۔




