چین کے جنوبی ہانگ کانگ میں وکٹوریہ بندرگاہ سے ایک کنٹینر جہاز گزر رہا ہے۔(شِنہوا)
جکارتہ(شِنہوا) انڈونیشیا کی حکومت نے آسیان-ہانگ کانگ،چائنہ آزاد تجارتی معاہدے میں ترمیم کے لئے پہلے پروٹوکول کی توثیق کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع میں بھرپور اضافہ کیا جاسکے، توقع ہے کہ یہ رواں سال مکمل ہو جائے گا۔
انڈونیشیا کی نائب وزیر تجارت دیاہ رو رو استی ودیا پتری نے جمعرات کو ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی حکومت کے وزیر خزانہ پال چھن سے ملاقات کے دوران کہا کہ ہانگ کانگ انڈونیشیا کاایک تزویراتی تجارتی شراکت دار ہے۔ ہم فریم ورک کے تحت تعاون بڑھانے کے لیے ہانگ کانگ کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا اس وقت آزاد تجارتی معاہدے میں ترمیم کے پروٹوکول کی توثیق کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس کا مقصد معاہدے کے فوائد کو بہتر بناناہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈونیشیانے معاہدے کے حصہ کے طور پر اقتصادی اور تکنیکی تعاون پروگرام کے تحت ہانگ کانگ کی تکنیکی مدد اور صلاحیتوں میں اضافے کے اقدامات کو بھی سراہا ہے تاکہ انڈونیشیا کی ڈیجیٹل تبدیلی اور اختراع میں مدد حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈونیشیا ہانگ کانگ کو بیٹریز اور قابل تجدید توانائی کے حل برآمد کرنے کے لیے بھی تیار ہے جو ہانگ کانگ کی ماحول دوست توانائی کی ٹیکنالوجیز اور برقی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کے مطابق ہیں۔
