بیجنگ(شِنہوا)چین میں 2025 کے پہلے 11 ماہ کے دوران ملک سے روانگی پر ٹیکس ریفنڈ کا دعویٰ کرنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں گزشتہ سال کی نسبت 285 فیصد کا زبردست اضافہ ہوا ہے۔
ریاستی ٹیکس انتظامیہ کے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسی مدت کے دوران ٹیکس واپسی کے لئے اہل اشیاء کی فروخت اور واپسی کی مجموعی رقم میں بھی گزشتہ سال کی نسبت 98.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
اپریل سے چین نے غیر ملکی سیاحوں کے لئے اپنے ٹیکس ریفنڈ نظام کو بہتر بنانے کے سلسلے میں متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں۔
پالیسی کے تحت بیجنگ، شنگھائی، چھونگ چھنگ، چھنگ دو اور گوانگ ژو جیسے شہروں کے بڑے شاپنگ اضلاع میں فوری ٹیکس ریفنڈ کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں۔ شنگھائی اور ہانگ ژو سمیت کئی شہروں نے آن لائن ریفنڈ کے طریقے بھی متعارف کرائے ہیں جس سے عمل مزید موثر ہو گیا ہے۔
ٹیکس ریفنڈ خدمات کی مسلسل بہتری نے غیر ملکی سیاحوں کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کیا ہے اور چین میں سفر کے لئے ان کا جوش و جذبہ مزید بڑھایا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق نومبر کے اختتام تک ملک بھر میں روانگی پر ٹیکس ادائیگی کے حامل 12 ہزار 252 سٹورز موجود تھے جن میں سے 7 ہزار سے زائد خریداری کے وقت ہی فوری ریفنڈ کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔




