وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ فوج کی موجودگی ہماری طاقت، ملک کی عزت دشمنوں کو کھٹکتی ہے، قوم افواج پاکستان کیخلاف بیانئے کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گی، دنیا طاقتور کے قانون کو مانتی ہے، جنگ میں جیت کے بعد فیلڈ مارشل کا امریکہ میں ریڈ کارپٹ استقبال اس کا ثبوت ہے، جلائو گھیرائو کی سیاست ضمنی الیکشن میں مسترد ہو گئی، ہم اپنے اداروں اور شہدا کے ورثاء کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شہدائے پاک فوج سے اظہار یکجہتی واک کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال چودھری نے کہا کہ آج کی واک جس میں عوام سول سوسائٹی تاجر سب شامل ہیں ڈی جی آئی ایس پی آر اور شہدائے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دو فوجیں نہیں ہو سکتیں، ایک اپنی فوج ہوتی ہے اور دوسری دشمن کی فوج ہوتی ہے۔
دانیال چودھری نے کہا کہ آج فوج کے جوان ہمارے کل کیلئے آج اپنی جان قربان کرتے ہیں، شہدا اور ملک کے جھنڈے کا مذاق نہ اڑایا جائے، شہدا کے وارث ہم سے پوچھتے ہیں کہ ان کے بچوں نے جانیں دیں اور ہمارے بچوں کی شہادتوں کا مذاق کیوں اڑایا جاتا ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے بچوں کی جانیں لیں اور ہم ان کیساتھ مذاکرات کریں یہ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس ملک کو تقسیم اور نظریئے کیخلاف بات کرنے والوں کے خلاف تھی، اس سے زیادہ سخت پریس کانفرنس ہم اور عوام کریگی، عوام افواج پاکستان کی قربانیوں سے واقف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بیانیوں کا جمعہ بازار لگا ہے، ملک کا صرف ایک بیانیہ ہے جو ملک کی سلامتی، دفاع اور ملکی مفاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں جلائو گھیرائو کا بیانیہ عوام نے مسترد کر دیا ،قوم افواج پاکستان کیخلاف بیانئے کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمارے بچوں اور غزہ کے بچوں کے درمیان فرق ہے اس کی وجہ ہمارے پاس فوج کی موجودگی ہے ہے، دنیا طاقتور کے قانون کو مانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنگ جیت کر امریکا گئے تو ریڈ کارپٹ استقبال ہوا، یہ وہی پاکستان تھا جس کیساتھ کوئی بات نہیں کرتا تھا لیکن آج صورتحال تبدیل ہے، اس ملک کی عزت دشمنوں کو کھٹکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اداروں افواج شہدا کے ورثا کیساتھ کھڑے ہیں، بھارت کو پہلے بھی شکست دی اور آئندہ بھی شکست دیں گے۔




