وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اورکزئی میں بھارتی حمایت یافتہ 19دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل جنید، میجر طیب ودیگر 9شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
جاری بیان میں محسن نقوی نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی 2 جوانوں کی صحت یابی کیلئے دعاء کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 9جوانوں نے قیمتی جانیں نچھاور کرکے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، شہدا کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ،قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا نے اپنے لہو سے وطن سے محبت اور وفا کی تاریخ رقم کی ہے، شہدا کے خون کا ہر قطرہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا کے بہادر خاندانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔
