اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینفضائی آلودگی میں اضافہ، دہلی میں پرانی گاڑیوں کو ایندھن کی فراہمی...

فضائی آلودگی میں اضافہ، دہلی میں پرانی گاڑیوں کو ایندھن کی فراہمی بند

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں یکم جولائی سے 61 لاکھ 14 ہزار 728 پرانی گاڑیوں کو پیٹرول اور ڈیزل پمپس سے ایندھن کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔مقامی ٹرانسپورٹ محکمے کے ایک اہلکار کے مطابق ان پرانی گاڑیوں میں مال بردار ٹرک، نجی کاریں اور موٹر سائیکل شامل ہیں۔ یہ اقدام دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے خلاف سخت مہم کا حصہ ہے۔

دہلی کا شمار دنیا کے آلودہ ترین دارالحکومتوں میں ہوتا ہے جہاں خاص طور پر سردیوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (فضائی آلودگی کو ماپنے کاپیمانہ) کی سطح 1000 تک پہنچ جاتی ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی پرانی گاڑیوں کو یہاں فضائی آلودگی کی بڑی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔۔

ایندھن پر عائد پابندی کے تحت 15 سال سے پرانی پیٹرول گاڑیوں اور 10 سال سے پرانی ڈیزل گاڑیوں کو دوبارہ ایندھن بھرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسی گاڑیوں کو موقع پر ہی ضبط کر لیں گے۔ ان گاڑیوں میں 40 لاکھ سے زائد دو پہیہ موٹر سائیکل ہیں۔

تاریخی اہمیت کی حامل پرانی گاڑیاں، خصوصی اجازت نامے والی گاڑیاں اور سی این جی پر چلنے والی گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے اہلکار کے مطابق دہلی پولیس، ٹریفک پولیس، مقامی ٹرانسپورٹ محکمے اور دہلی میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں پر مشتمل خصوصی مشترکہ ٹیمیں پیٹرول پمپوں پر تعینات کی جائیں گی تاکہ پرانی اور ناقابلِ استعمال گاڑیوں ( ای ایل ویز)  کی جانچ کر کےانہیں موقع پر ہی ضبط کیا جا سکے۔

دہلی بھر کے تقریباً 500 فیول اسٹیشنز پر نصب خودکار نمبر پلیٹ شناختی کیمروں کے ذریعے پرانی اور ناقابلِ استعمال گاڑیوں (ای ایل ویز) کی شناخت کی جائے گی۔

یہ کیمرے "واہان” نامی رجسٹریشن ڈیٹا بیس سے منسلک ہوں گے اور گاڑیوں کی نمبر  پلیٹ خودکار طریقے سے چیک کر کے پیٹرول پمپ آپریٹر کو اطلاع دیں گے۔ ایسی گاڑیوں کی معلومات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھی شیئر کی جائیں گی تاکہ انہیں ضبط کر کے اسکریپ کیا جا سکے۔

یہ پابندی اُس حکم کے تحت نافذ کی گئی ہے جو رواں برس کے آغاز میں نیشنل کیپیٹل ریجن اور ملحقہ علاقوں کے لئے قائم کمیشن برائے فضائی معیار نے جاری کیا تھا۔ اس حکم میں واضح طور پر ہدایت دی گئی تھی کہ یکم جولائی 2025 سے دہلی میں پرانی اور ناقابلِ استعمال گاڑیوں کو ایندھن نہ دیا جائے۔

منصوبے کے اگلے مرحلے میں رواں سال نومبر سے دہلی کے 5 اضلاع  گروگرام، فرید آباد، غازی آباد، گوتم بدھ نگر اور سونی پت میں بھی یہ پابندی نافذ ہو جائے گی۔ ان اضلاع میں بھی گاڑیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

حکم نامے کے مطابق قومی دارالحکومت کے باقی تمام علاقے بھی آئندہ برس اپریل سے ایندھن کی اس پابندی کے دائرہ کار میں آ جائیں گے۔

نئی دہلی سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ٹیکسٹ آن سکرین:

دہلی میں 61 لاکھ پرانی گاڑیوں پر ایندھن کی فراہمی بند

پابندی کا مقصد فضائی آلودگی پر قابو پانا ہے

500 فیول اسٹیشنز پر پرانی گاڑیوں کی شناخت کیلئے کیمرے نصب

خودکار کیمروں سے ناقابل استعمال گاڑیوں کی فوری شناخت ممکن ہوگی

ہر گاڑی کی نمبر پلیٹ کی تصدیق واہان ڈیٹا بیس سے ہوگی

ممنوعہ گاڑیاں سامنے آنے پر پمپ آپریٹر فوری اطلاع دیں گے

غیرقانونی گاڑیاں موقع پر ہی ضبط کی جائیں گی

نومبر میں دہلی کے مزید 5 اضلاع پر بھی پابندی لاگو ہوگی

اگلے سال اپریل سے دہلی کے تمام علاقوں میں اطلاق ہوگا

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!