اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلچین عالمی معیشت کے استحکام کے لیے عالمی برادری کے ساتھ تعاون...

چین عالمی معیشت کے استحکام کے لیے عالمی برادری کے ساتھ تعاون پر آمادہ ہے، وزیراعظم

برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں چینی وزیراعظم لی چھیانگ اور عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کی ڈائریکٹر جنرل نگوزی اوکونجو-ایویلا ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)

ریو ڈی جنیرو(شِنہوا)چینی وزیرِاعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین عالمی معیشت کو جلد از جلد درست راستے پر واپس لانے کے لئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

17 ویں برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کی ڈائریکٹر جنرل نگوزی اوکونجو-ایویلا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا کہ دنیا بھر میں یکطرفہ پالیسیوں اور تجارتی تحفظ پسندی کے بڑھتے رجحان کی وجہ سے عالمی تجارت میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں، جس سے بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظام متاثر ہوا ہے جبکہ عالمی معیشت اور مختلف ممالک کی ترقی کو سنگین مسائل درپیش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں بین الاقوامی برادری کی جانب سے کثیرجہتی تجارتی نظام کے تحفظ کے لئے آوازیں توانا ہوئی ہیں اور ڈبلیو ٹی او سے زیادہ فعال کردار کی توقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

لی چھیانگ نے اس بات پر زور دیا کہ اقتصادی عالمگیریت تاریخ کا ناقابل واپسی رجحان ہے اور چین ہمیشہ کی طرح کثیرجہتی اور آزاد تجارت کو فروغ دینے، ڈبلیوٹی او کی اصلاحات اور ترقی کی حمایت کرنے، تجارتی اصولوں کو بہتر بنانے اور ڈبلیوٹی او کے 14ویں وزارتی اجلاس میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لئے کوشاں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے پاس وافر وسائل اور ذرائع موجود ہیں جن کے ذریعے وہ بیرونی دباؤ کا مقابلہ کرسکتا ہے اور اسے پائیدار اور صحت مند اقتصادی ترقی کے فروغ پر مکمل اعتماد ہے۔

چینی وزیراعظم نے مزید کہا کہ رواں سال چین نے فعال اور موثر معاشی پالیسیوں پر عمل کیا ہے، اندرون ملک طلب بڑھانے کی حکمت عملی کو آگے بڑھایا ہے اور کھپت کو فروغ دینے کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے مزید  کہا کہ چین کی 1.4 ارب سے زائد کی بڑی آبادی کی وجہ سے یہاں طلب بہت زیادہ اور مسلسل بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین از خود اور یکطرفہ طور پر مزید وسعت پر مبنی اقدامات متعارف کرائے گا، ڈبلیو ٹی او کے اصولوں اور منڈی کے ضوابط کی سختی سے پابندی کرے گا اور ترقی کے مواقع دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ بانٹے گا تاکہ عالمی سطح پر مثبت توانائی پیدا کی جا سکے۔

اس موقع پر ڈبلیو ٹی او کی سربراہ نگوزی اوکونجو-ایویلا نے کہا کہ موجودہ کثیرجہتی تجارتی نظام کو دباؤ کا سامنا ہے اور عالمی معیشت و تجارت کی ترقی سنگین مسائل سے دوچار ہے۔

انہوں نے ڈبلیو ٹی او کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی مکالمے اور تعاون کو فروغ دیں، کثیرجہتی تجارتی نظام کا تحفظ کریں اور پائیدار ترقی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ٹی او چین کی طویل مدتی حمایت اور کم ترقی یافتہ ممالک کی مدد کو سراہتی ہے اور چین کے اس نظام میں اہم کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

عالمی تجارتی تنظیم کی سربراہ نے مزید کہا کہ ڈبلیو ٹی او چین اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ مل کر اصلاحات کو فروغ دینے، ایک کھلے اور جامع تجارتی ماحول کی تشکیل اور عالمی تجارت و معیشت کی بحالی کے لئے سازگار حالات پیدا کرنے کے لئے تعاون کی منتظر ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!