چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کے شہر ہائیکو کے ہائیکو میلان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافر سکیورٹی چیک کے لئے قطار بنائے کھڑے ہیں-(شِنہوا)
ہائیکو(شِنہوا)چین کے انتہائی جنوبی جزیرہ صوبے ہائی نان کے دارالحکومت ہائیکو اور برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے درمیان ایک نئی براہ راست فضائی روٹ کا آغاز ہوگیا ہے۔
یہ روٹ ہائی نان ایئر لائنز کے ذریعے وسیع الجسامت طیارے بوئنگ 787 کا استعمال کرتے ہوئے چلایا جا رہا ہے جس میں ہفتے میں ایک دوطرفہ پرواز طے کی گئی ہے۔
روانگی کی پرواز ایچ یو 7911 بدھ کے روز بیجنگ کے وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر45 منٹ پر ہائیکو میلان بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوگی اور اسی دن مقامی وقت کے مطابق شام 7بج کر30 منٹ پرلندن کے ہیتھرو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے گی۔ واپسی کی پرواز ایچ یو 7912 لندن کے ہیتھرو سے مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے روانہ ہوگی اور اگلے دن بیجنگ کے وقت کے مطابق شام 4بج کر55 منٹ پر ہائیکو پہنچے گی۔
ہوائی اڈے کے حکام نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ ہائیکو اور ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سمیت ہائیکو اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کے درمیان پروازوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ بین الاقوامی اور علاقائی روٹس کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جا سکے۔
یہ کوششیں ایئرپورٹ کو بحرالکاہل اور بحرہند کے مقامات کو سروس فراہم کرنے والے ایک علاقائی ہوابازی مرکز کے طور پر تیزی سے ترقی دینے کے لئے کی جا رہی ہیں۔ یہ ہائی نان کو بین الاقوامی سیاحت اور خریداری کے ایک مرکز کے طور پر فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔
