ماسکو (شِنہوا) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے آذربائیجان اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ آذربائیجان کے علاقے ناخ چھیوان پر ڈرون حملے کے بعد تحمل کا مظاہرہ کریں اور جلد بازی میں اقدامات سے گریز کریں۔
جمعرات کے روز مبینہ طور پر ایران کی جانب سے کئے گئے ایک ڈرون حملے نے آذربائیجان کی ناخ چھیوان خودمختار جمہوریہ کو نشانہ بنایا جس میں 4 افراد زخمی ہوئے۔ آذربائیجان نے ایران پر ڈرون حملے کا الزام لگایا جبکہ تہران نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
زخارووا نے کہا کہ روس نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے غیر سنجیدہ اقدامات سے باز رہیں جو خطے میں نئی تقسیم پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی بلااشتعال مسلح جارحیت کے باعث مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال پر شدید فکر مند ہے۔
روسی سفارت کار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روس خطے میں خونریزی کے خاتمے، سیاسی و سفارتی مذاکرات کی بحالی اور بین الاقوامی قانون، باہمی احترام اور مفادات کے توازن کی بنیاد پر حل تلاش کرنے میں تعاون کے لئے تیار ہے۔




