21ویں انٹرنیشنل چولستان جیپ ریلی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جیپ ریلی کیلئے 500کلو میٹر کا دشوار گزار ریسنگ ٹریک تیار کرلیا گیا ہے، ریلی میں 120 سے زیادہ ڈرائیورز کی شرکت متوقع ہے جو اپنی اپنی گاڑیوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
میر نادر مگسی کی لکی گاڑی ٹیکوما ایک بار پھر ریس کیلئے تیار ہے جبکہ سابق چمپئین زین محمود بھی کامیابی کی ہیٹرک کیلئے پرامید ہیں۔
جیپ ریلی کی افتتاحی تقریب کا انعقاد 10 فروری کو ہوگا، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکنیکل معائنہ سمیت ڈرائیور کانفرس 11 فروری کو منعقد ہوگی جبکہ 12فروری کو دل واش سٹیڈیم قلعہ ڈیراور میں ریس کا کوالیفائنگ رائونڈ ہوگا۔
مرد و خواتین کیٹگریز ریس کا پہلا راؤنڈ 13فروری کو ہوگا، سٹاک کیٹیگریز ریس اور کلچرل نائٹ و آتشبازی کا مظاہرہ 14فروری کو کیا جائیگا۔
مرد و خواتین کیٹگریز کا فائنل راؤنڈ، ڈرٹ بائیک، کوارڈ ریس، ٹرک ریس اور تقریب تقسیم انعامات 15فروری کو منعقد کی جائیگی۔




