ہنوئی (شِنہوا) چین نے 2025 میں امریکہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ویتنام کے جھینگے کی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی کا درجہ حاصل کر لیا ہے اور پہلی بار ترسیل کا حجم ایک ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔
مقامی روزنامہ وی این اکانومی کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ویتنام نے چین کو 1.24 ارب امریکی ڈالر کی مالیت کے ایک لاکھ 23 ہزار ٹن جھینگے برآمد کئے جو 2024 کے مقابلے میں حجم کے لحاظ سے 48.4 اور مالیت کے لحاظ سے 63.3 فیصد اضافہ ہے۔ اس کے برعکس امریکہ جو کئی برسوں سے جھینگے کے حوالے سے ویتنام کی سب سے بڑی منڈی رہا ہے تاحال ایک ارب ڈالر کی حد عبور نہیں کر سکا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 2025 میں ویتنام کے جھینگے کی مجموعی برآمدات 4.65 ارب امریکی ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19.9 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔




