راولپنڈی میونسپل کارپوریشن نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی سے 65 سال بغیر کرایہ استعمال ہونیوالی کمرشل پراپرٹیز کی مد میں ایک ارب بقایا جات کا مطالبہ کرتے ہوئے 15 دن کی مہلت فراہم کردی۔
میونسپل کارپوریشن کے مطابق آئیسکو کے راولپنڈی میں دفاتر، افسران کے فلیٹس، کمپلینٹ دفاتر اور ایک پٹرول پمپ سمیت مجموعی طور پر 11 میونسپل کمرشل پراپرٹیز یکم جنوری 1961ء سے 30نومبر 2025ء تک بغیر کسی رینٹ ایگریمنٹ کے استعمال میں رہیں، ان پراپرٹیز کا کرایہ کبھی ادا نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ رینٹ اسسمنٹ کمیٹی اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ اسسمنٹ کمیٹی نے واجبات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ایک ارب روپے بقایا جات کا تعین کیا ہے۔
کمشنر راولپنڈی و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کی ہدایت پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عمران علی نے آئیسکو سے واجبات کی وصولی کیلئے باقاعدہ خط لکھا گیا ہے۔
چیف آفیسر عمران علی کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری واجبات کی وصولی کیلئے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں جن کی روشنی میں چیف ایگزیکٹو آئیسکو کو ایک ارب روپے 15 دن کے اندر ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں بقایاجات ادا نہ کئے گئے تو آئندہ قانونی کارروائی کا اختیار محفوظ رکھا جاتا ہے۔




