چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر ہانگ ژو میں اشیاء تبادلہ پروگرام کے تحت صارفین سبسڈی کی درخواست دے رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین نے مقامی طلب میں اضافے اور معاشی نمو کے فروغ کے لئے اشیا تبادلہ پروگرام کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
قومی ترقی و اصلاحات کمیشن کے نائب سربراہ ژاؤ چھن شین نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 2024 میں سرکاری سبسڈی کے اہل گھریلو آلات کی کیٹیگریز کی تعداد 8 تھی جسے 2025 میں بڑھا کر 12 کردیا جائے گا۔ اس میں مائیکروویو، واٹر پیوریفائر، ڈش واشر اور رائس ککر شامل کئے جائیں گے۔
ژاؤ کے مطابق حقیقی ضروریات کے مطابق فی صارف سبسڈی کے اہل ایئر کنڈیشنرز کی تعداد ایک سے بڑھا کر 3 کی جارہی ہے ۔
وزارت خزانہ کے ایک عہدیدار فو جن لنگ نے کہا کہ سبسڈی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مرکزی حکومت نے حال ہی میں رواں اشیا تبادلہ پروگرام کے لئے 81 ارب یوآن (تقریباً 11.3 ارب امریکی ڈالر) مختص کئے ہیں۔
صارفین موبائل فون جیسی ڈیجیٹل مصنوعات خریدتے ہوئے 500 یوآن تک کی سبسڈی حاصل کرسکتے ہیں۔ اشیا تبادلہ پروگرام میں مسافر گاڑیوں کی بڑی اقسام بھی شامل کی گئی ہیں۔
