چینی وزیر خارجہ وانگ یی جمہوریہ کانگو کے صدر ڈینس ساسو نگویسوسے جمہوریہ کانگو کے دارالحکومت برازاویل میں ملاقات کر رہے ہیں-(شِنہوا)
برازاویل(شِنہوا)چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین -افریقہ تعاون فورم (ایف او سی اے سی) نے افریقہ کی ترقی کے فروغ اور افریقی عوام کا طرز زندگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے جمہوریہ کانگو کے صدر ڈینس ساسو نگویسو سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو انٹرویو میں کہا کہ ایف او سی اے سی چین-افریقہ یکجہتی اور تعاون کی علامت،جنوب سے جنوب تعاون کا عَلم اور افریقہ کے ساتھ بین الاقوامی تعاون میں رہنمائی کا نمونہ بن گیا ہے۔
وانگ نے کہا کہ فورم کے قیام کے بعد 25 سال میں چین نے افریقہ کو ایک لاکھ کلومیٹر سڑکوں،10 ہزار کلومیٹر سے زائد ریلوے،تقریباً ایک ہزار پلوں اور 100 بندرگاہوں کی تعمیر میں مدد کی ہے۔گزشتہ 3 سال میں چین نے افریقہ میں 10 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کئے۔
فورم نے افریقہ میں خوراک،فراہمی آب اور تعلیم سمیت گزر بسر کے کئی منصوبوں کا بھی آغاز کیا۔اس دورے کا مقصد فورم کے اندر تعاون میں وسعت اور بہتری پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے کانگو کے ساتھ معاونت کرنا ہے۔
وانگ نے کہا کہ چین اور جمہوریہ کانگو نے اگلے 3 سال میں فورم کی ترقی کے لئے ’’نظام الاوقات‘‘ اور ’’لائحہ عمل‘‘ تیار کیا ہے۔
