وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ منظم سازش کیساتھ ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلا جارہا ہے اور بعض عناصر دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، وہی آلہ کار ہیں جو پہلے بھی الہ کار رہے، فوج کیخلاف مہم کسی بھی پاکستانی کیلئے ناقابل برداشت ہے، آپ نے شہدا کے مجسمے توڑے، جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہائوس پر حملہ کیا، پی ٹی آئی کے بانی کو ذہنی مریض قرار دیا گیا ہے اور انہیں جیل برداشت نہیں ہو رہی، ملکی سالمیت کے سامنے کوئی لیڈر نہیں، پی ٹی آئی کا بیانیہ ایک ادارے کیخلاف بنایا جا رہا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان پہلے خفیہ طریقے سے مختلف تنظیموں کو سپورٹ کررہا تھا اب کھلے عام سپورٹ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن پلان بنا ہوا ہے ملکی بقاء کا مسئلہ ہے، کے پی میں منشیات سمگلنگ ہے اور وزیر اعلیٰ اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھا ہے، کے پی میں پانی دیں نہ روڈز دیں انکو کچھ نہ دیں۔
وزیر ریلویز نے کہا کہ آپ ملک کیلئے دھیان کریں، اگر ملک کی طر ف نہ دیکھیں گے تو پھر آپکو دیکھ لیا جائیگا، گورنر راج لگنا ہے یا نہیں فیصلہ بعد میں ہوگا ۔حنیف عباسی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ٹوئٹ دیکھ لیں کہ وہ کس کیخلاف ہے ، ہماری فوج نے دس گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہے جسے پوری دنیا تسلیم کرتی ہے، امریکا، روس اور آذربائیجان میں پاکستان کا نام لیا جا رہا ہے۔
سوات میں پاک فوج اپنی ماں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزتیں بچانے گئی تھی لیکن آپ نے وہاں بھی دہشتگردوں کا ساتھ دیا۔




