24 ممالک کے طلبہ پر ننھا کشمیری طالبعلم بھاری پڑگیا اور مقابلے میں بازی لے گیا۔
گزشتہ روز منعقد ہونیوالے جونیئر انگلش اولمپیاڈ ٹیسٹ مقابلے میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال، چین، ملائیشیا، انڈونیشیا، سنگاپور، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، بحرین، عمان، مصر، ترکی، کینیا، نائجیریا، جنوبی افریقہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور امریکہ کے طلبہ نے حصہ لیا، مقابلے میں کیمبرج انٹرنیشنل سکول سسٹم باغ آزاد کشمیر کی پہلی جماعت کے طالبعلم دایان خان نے کشمیر کی نمائندگی کتے ہوئے اپنی شاندار تعلیمی کارکردگی کی بدولت 95 نمبر حاصل کر کے گولڈ میڈل جیتا اور آزاد کشمیر کا نام روشن کر دیا۔
دایان خان کی کامیابی نہ صرف انکے خاندان بلکہ پورے آزاد کشمیر کا فخر بن گئی، انکی کمال کارکردگی کے باعث وہ اب ICC گلوبل فائنل کیلئے منتخب ہو چکے ہیں جو آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں منعقد ہوگا۔
دایان خان کی کامیابی اس بات کی عکاس ہے کہ کیمبرج انٹرنیشنل سکول سسٹم باغ نے جدید تعلیمی اصولوں، عالمی معیار کی تربیت اور بہترین تعلیمی ماحول کے فروغ میں اپنا مقام ثابت کیا ہے، ایم ڈی ظہیر الحسن زبیری اور اساتذہ و عملہ کو اس کارنامے پر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا ہے اور سب نے دایان خان کی انتھک محنت، لگن اور شاندار کامیابی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یہ فتح انکے روشن مستقبل کی شروعات ہیں اور ہم دل کی گہرائیوں سے دعا گو ہیں کہ وہ عالمی سطح پر بھی پاکستان اور آزاد کشمیر کا نام فخرسے بلندکریں ۔




