وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر نواز شریف سے ایک اہم ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق جاتی امرا لاہور میں ہونیوالی اس ملاقات میں موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم نے پارٹی سربراہ کو حکومتی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں، عوام کے فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی حمایت دہشتگردوں کیخلاف سیکیورٹی فورسز کی جاری کارروائیوں اور دیگر امور بھی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں نواز شریف نے اہم سیاسی امور کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کو گائیڈ لائنز بھی دیں۔ صدر ن لیگ نے معاشی اشاریے بہتر ہونے پر وزیراعظم کی تعریف بھی کی۔




