چھونگ چھنگ(شِنہوا)تزویراتی رابطہ کاری کے حوالے سے چین-سنگاپور (چھونگ چھنگ) مظاہرہ اقدام نے اپنے آغاز کی 10 ویں سالگرہ منائی جس کے نتیجے میں چین کے مغربی خطے اور آسیان ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے کو فروغ ملا۔
چین کی جنوب مغربی چھونگ چھنگ بلدیہ کے تجارتی کمیشن کے مطابق اس اقدام کے تحت چین اور سنگاپور نے گزشتہ دہائی میں سرکاری اور کاروباری تعاون کے مجموعی طور پر 347 منصوبوں پر دستخط کئے جن کی مجموعی مالیت 26 ارب امریکی ڈالر سے زائد ہے۔
یہ اقدام چین اور سنگاپور کے درمیان قائم ہونے والے تیسرے بین الحکومتی تعاون منصوبے کے طور پر سامنے آیا۔ اس سے قبل چین کے مشرقی علاقے میں چین-سنگاپور سوژو صنعتی پارک اور چین کے شمالی علاقے میں چین-سنگاپور تیانجن ایکو سٹی قائم کئے گئے تھے۔
یہ تیسرا منصوبہ روایتی پارک پر مبنی ماڈل سے مختلف ہے جس میں چھونگ چھنگ کو منصوبے کے عملی مرکز کے طور پر منتخب کیا گیا ہے اور 4 اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ان میں مالی خدمات، ہوا بازی، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس اور معلوماتی مواصلات کے شعبے شامل ہیں۔




