41ویں ابوظہبی انٹرنیشنل پیٹرولیم نمائش اور کانفرنس (اے ڈی آئی پیک) جو دنیا کے بڑے توانائی ایونٹس میں سے ایک ہے، ابوظہبی نیشنل ایکزیبیشن سینٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس ایونٹ میں دنیا بھر سے ڈھائی لاکھ سے زائد شرکاء شریک ہیں جو توانائی کے مستقبل اور پائیدار ترقی پر گفتگو کر رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید النہیان نے افتتاحی خطاب میں کہا ہے کہ اے ڈی آئی پیک کی میزبانی اس بات کی عکاس ہے کہ یو اے ای توانائی کے شعبے میں عالمی مکالمے، توانائی کے تحفظ اور پائیداری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای نے ٹیکنالوجی، صاف توانائی اور جدید تحقیق میں سرمایہ کاری کے ذریعے معاشی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان متوازن ماڈل قائم کیا ہے۔ شیخ منصور نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک بین الاقوامی تعاون کے ذریعے توانائی کی منتقلی، معاشی ترقی اور تحقیق کے تبادلے کو مزید فروغ دیتا رہے گا۔
2025 کے ایڈیشن میں 17 ہالز میں 2,250 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں۔ نمائش میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تبدیلی، کاربن اخراج میں کمی، بحری اور لاجسٹکس شعبے اور کم کاربن کیمیائی حل کے لیے خصوصی زونز قائم کیے گئے ہیں۔ منتظمین کے مطابق ایونٹ دنیا بھر میں پائیدار اور جدید توانائی نظاموں کی جانب بڑھتی تبدیلی کی نمائندگی کرتا ہے۔
چائنا نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن (سی این پی سی) بھی ایونٹ میں شریک ہے اور گہرائی میں توانائی کی دریافت، مصنوعی ذہانت پر مبنی آپریشنز اور ماحول دوست کم کاربن توانائی تبدیلی سے متعلق منصوبے پیش کر رہی ہے۔ کمپنی ان منصوبوں کے ذریعے توانائی میں جدت اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں اپنا کردار اجاگر کر رہی ہے۔
ابوظہبی سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آن سکرین ٹیکسٹ:
ابوظہبی میں عالمی توانائی کانفرنس کا انعقاد
یو اے ای پائیدار توانائی مکالمے میں عالمی کردار ادا کر رہا ہے۔ نائب صدر و وزیراعظم، متحدہ عرب امرات
یو اے ای کا معاشی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ میں متوازن ماڈل اجاگر
اے ڈی آئی پیک 2025 میں 2 ہزار سے زائد نمائش کنندگان شریک
کانفرنس میں ڈی کاربونائزیشن، اے آئی اور کم کاربن حلوں پر توجہ
چائنا نیشنل پٹرولیم کارپوریشن کی گرین ٹیک اور انرجی انوویشن نمائش بھی توجہ کا مرکز




