رہنماء ایم کیو ایم و وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اختیارات اور وسائل عوام کے دروازے تک لیکر جانے کا واحد حل ایم کیو ایم کی آئینی ترمیم ہے، تمام جماعتیں حمایت کریں۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مصطفی کمال، فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن، ارشد وہرہ اور دیگر شامل تھے۔
ملاقات میں مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم وفد نے قائد جمعیت کو آئینی ترمیم کا مسودہ پیش کیا ہے، ہم نے ایک نکاتی ایجنڈے پر حکومت سے اتحاد کیا تھا، وفاق اور صوبوں کے نظام میں عوام تک سہولیات پہنچانے کا طریقہ ہی نہیں، وسائل کی تقسیم میں اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبوں کا حصہ بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مسودہ 26ویں آئینی ترمیم میں بھی پیش کیا تھا مگر منظور نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہماری آئینی ترمیم کے مسودے کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اختیارات اور وسائل عوام کے دروازے تک لیکر جانے کا واحد حل ایم کیو ایم کی آئینی ترمیم ہے، تمام جماعتیں اس کی حمایت کریں۔




