سخت سیکیورٹی انتظامات میں رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا جو 10 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا، تبلیغی اجتماع کے مقامات پر جماعت کے کارکنان نے خیمے لگانے کا کام مکمل کرلیا ہے،
دوسرے مرحلے میں فیصل آباد، سوات، ڈی آئی خان اور کراچی ڈویژن کے احباب شرکت کریں گے۔ اجتماع میں شرکا کی تعداد بڑھنے کے پیش نظر وسیع انتظامات کئے گئے ہیں، ریلوے حکام کی جانب سے کراچی سے رائے ونڈ کیلئے خصوصی ٹرینیں چلائی گئی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریلوے پولیس، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس، پنجاب پولیس، محکمہ صحت، بم ڈسپوزل سکواڈ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، لیسکو اور ایم سی ایل سمیت دیگر اداروں نے بھی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
