دنیا میں پہلا روبوٹک ہارٹ ٹرانسپلانٹ کرنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ان کے دفترمیں ملاقات کی،ولی عہد نے سعودی ٹیلنٹ کی کوششوں اور ان کی اختراعی صلاحیتوں کوسراہاتے ہوئے سعودی ڈاکٹروں کو روبوٹ ٹیکنالوجی سے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی کامیابی پر مبارک باد دی۔
عرب میڈیا کے مطابق دنیا کا پہلا مکمل ہارٹ ٹرانسپلانٹ کرنے میں کامیابی حاصل کرنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم کا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دفترمیں استقبال کیا۔ملاقات کرنے والوں میں کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز چیئرمین مازن الرمیح، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ماجد الفیاض ور ایگزیکٹو نائب صدر ڈاکٹر بیجورن زوئیگا شامل تھے۔ میڈیکل ٹیم کے ارکان نے ولی عہد سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ولی عہد کی جانب سے مسلسل تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
