اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینکراچی ، دہشت گردوں کے حملے میں دوچینی شہری ہلاک، ایک زخمی

کراچی ، دہشت گردوں کے حملے میں دوچینی شہری ہلاک، ایک زخمی

کراچی: پاکستان میں چینی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ  گزشتہ  رات پاکستان کے بندرگاہی شہر کراچی میں ہونے والے ایک دہشت گرد حملے میں دو چینی شہری ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا  جبکہ واقعے میں متعدد پاکستانی شہری بھی جاں بحق اور زخمی  ہوئے۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے کے قریب اس وقت ہوا جب پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کے قافلے پر دہشت گردوں نے  کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب حملہ کیا۔

پاکستان میں چینی سفارت خانےاور قونصل خانے نے اس دہشت گردانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے  ہوئے  دونوں ممالک کے متاثرین اور زخمیوں اور ان کے رشتہ داروں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اس واقعے کے بعد کے حالات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

پولیس کے مطابق کراچی کے ہوائی اڈے کے قریب گزشتہ  شب زوردار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کئی گاڑیاں جل گئیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں چینی مشنزنے جلد از جلد ہنگامی ردعمل کا کام شروع کر دیا ہے، جس میں پاکستان سے زخمیوں کے علاج، حملے کی مکمل تحقیقات اور مجرموں کو سخت سزا دینے کی پوری کوشش کرنے کی ضرورت  پر زور دیاہے۔

سفارت خانے نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے عملی اور موثر اقدامات  کیے جائیں۔

پاکستان میں چینی سفارت خانے اور قونصل خانے نے پاکستان میں چینی شہریوں اور کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ  وہ محتاط رہیں، مقامی سلامتی کی صورتحال پر گہری توجہ دیں، حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنائیں اور حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔

کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک بیان کے ذریعے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جبکہ پاکستانی حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں چینی قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ایک سرکاری بیان میں، وزیر اعظم نے "گھناؤنے فعل” کی شدید مذمت کی اور چین کے عوام بالخصوص متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

وزیر اعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ میں کراچی میں گزشتہ رات کے المناک واقعے پرغم زدہ ہوں، جس کے نتیجے میں دو قیمتی چینی جانیں ضائع ہوئیں اور ایک زخمی ہوا۔

شہباز شریف نے یقین دلایا کہ قصورواروں کی شناخت کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے فوری تحقیقات جاری ہیں۔

وزیراعظم نے ملک میں چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے چینی دوستوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اورہم ان کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے کوئی کسراٹھا نہیں  رکھیں گے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!