لاہور : لاہور پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر عمران خان، علی امین گنڈاپور، علیمہ خان اور عظمی خان کو دہشت گردی کے 4 مقدمات میں نامزد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور،علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو دہشت گردی کے 4 مقدمات میں نامزد کردیا ہے۔ ایف آئی آر میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں غیر معمولی سہولیات اور ملاقاتوں کی اجازت ریاست مخالف تشدد کی وجہ قرار دی گئی ہے، پولیس ریکارڈ میں احتجاج پر درج ہونے والے 20 مقدمات کو ہائی پروفائل قرار دیا گیا ہے۔
دہشت گردی دفعات کے تحت درج مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں شیخ امتیاز، حماد اظہر، سلمان اکرم راجہ، علی امتیاز وڑائچ، رانا شہباز احمد اور شبیر گجر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق 3 تا 6 اکتوبر پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف 23 مقدمات درج ہوئے، مقدمات میں پولیس مقابلوں، کارسرکار میں مداخلت اور ڈکیتی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق 6 اکتوبر کو دہشت گردی دفعات کے تحت درج ہونیوالے مقدمات میں اب تک 129 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
