پاکستان بھر میں آج یومِ فضائیہ نہایت ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں پاک فضائیہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ نے شجاعت، مہارت اور پیشہ ورانہ جرات کی نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا کر پوری دنیا کو اپنی صلاحیتوں سے حیران کیا، اور ہر محاذ پر وطن عزیز کا دفاع کیا۔
صدر نے مزید کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائیہ کی جدید جنگی صلاحیتیں پاکستان کے دفاع کی مضبوط ضمانت ہیں۔
صدر زرداری نے یہ بھی کہا کہ رواں برس مئی میں بھارت کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں پاک فضائیہ نے ایک بار پھر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرائے، جس کا اعتراف خود بھارتی حکام نے بھی کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
اسی موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے نہ صرف 1965 کی جنگ میں دشمن کو شکست دی، بلکہ حالیہ جھڑپوں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ "ہماری ایئر فورس نے ثابت کر دیا کہ جذبہ، عزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتیں دشمن کے جدید ہتھیاروں سے کہیں زیادہ طاقتور ہوتی ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ نے ہمیشہ ملک کی خودمختاری، جغرافیائی سرحدوں اور سالمیت کا بھرپور دفاع کیا ہے، اور آج بھی یہی ادارہ ہمارے دفاع کی پہلی لائن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ "یومِ فضائیہ ان تمام جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے جان کا نذرانہ دے کر پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کی۔”
وزیراعظم نے قوم کو یاد دلایا کہ 1965 کی جنگ میں پاکستان نے بھارت کے 31 طیارے تباہ کیے تھے، اور یہ دن نئی نسلوں کو اس عزم، قربانی اور بہادری کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے ہیروز نے تاریخ میں رقم کی۔
