ہائیکو: چین کے جنوبی صوبے ہائی نان سے خطرناک سمندری طوفان سپر ٹائفون یاگی ٹکرانے سے شید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث کم از کم 2 افراد ہلاک اور 92 زخمی ہو گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ڈنگ آن کاؤنٹی میں دو ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ وین چھانگ سٹی میں 12 اور ہائیکو میں 80 زخمیوں کی اطلاعات ہیں ۔
ہواؤں کی رفتار کم ہونے اور بارش تھم جانے کے ساتھ ساتھ ہائی نان میں ٹائفون الرٹ کو کم کردیاگیا ہےاور صوبے بھر میں بحالی کی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
15 لاکھ سے زیادہ متاثرہ گھرانوں میں بجلی بحال کرنے کے لیے 2ہزار200 سے زائد کارکنوں کو متحرک کیا گیا ہے۔ ہفتہ کی صبح 7 بجے تک متاثرہ گھرانوں کے پانچویں حصے سے زیادہ کو گرڈ سے دوبارہ منسلک کردیا گیا تھا۔
سڑکوں کی مرمت کا کام بھی جاری ہے اور بند ہونے والی 89 میں سے 51 مرکزی شاہراہوں کوکھول دیا گیا ہے۔
صوبے میں تیز رفتار ریل خدمات ہفتے کی دوپہرتک بحال جبکہ آبنائےچھیونگ ژومیں فیری سروس اتوار کی شام تک دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے۔
ہائیکو میلان بین الاقوامی ہوائی اڈہ اتوار کی دوپہر تک عارضی طور پر بند رہے گا، جبکہ سیاحتی شہر سانیا کے سانیا فینکس بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ہفتے کی صبح 10 بجے سے پروازوں کی بتدریج بحالی شروع ہوگئی تھی۔
