ینگون: میانمار کے صدر مائینٹ سوئی طبی رخصت پر جانے کے ایک سال بعد انتقال کر گئے ۔74 سالہ سابق جنرل کا انتقال جمعرات کی صبح ہسپتال میں ہوا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مائینٹ سوئی نے صدر بننے سے پہلے میانمار کے نیم شہری نظام کے تحت نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
فوجی حکومت نے اپنے فرامین پر دستخط کرنے اور اپنی حکمرانی کو قانونی حیثیت دینے کے لیے ان پر انحصار کیا تھا۔ انہیں گذشتہ سال جولائی میں طبی رخصت پر رکھا گیا تھا جس کے بعد ان کی ذمہ داریاں فوجی حکومت کے سربراہ اور مسلح افواج کے کمانڈر من آنگ ہلینگ کو سونپ دی گئی تھیں۔
اس سال کے آخر میں طے شدہ انتخابات سے قبل فوج نے گذشتہ ہفتے اقتدار سویلین کے زیرِ قیادت ایک عبوری حکومت کو برائے نام منتقل کر دیا جس میں فوجی سربراہ قائم مقام صدر کے طور پر اپنے دوسرے کردار میں جنگ زدہ ملک کے سربراہ رہیں گے۔
