لاہور: پاکستانی اداکار عمران اشرف کی کینیڈین بھارتی پنجابی فلم اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا کا پہلا گانا ریلیز کر دیا گیا، عمران اشرف نے انسٹاگرام پر فلم کا پہلا گانا آل گڈ شیئر کیا۔
فلم کے مرکزی اداکار رنجیت باوا نے اسے گنگنایا ہے اور گانے کی ویڈیو میں پارٹی کا ماحول دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں اس گانے کو سال کا پارٹی اینتھم قرار دیا گیا ہے۔ اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا کے جاری کیے گئے ٹریلر سے کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی نوجوان طلبہ کے گرد گھومتی ہے جنہیں بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اب یہ فلم 22 اگست کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔ اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا کا ٹیزر گزشتہ ماہ جاری کیا گیا تھا، اس میں عمران اشرف مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، فلم کی ہدایات روپن بال دیں گے، جب کہ اس میں بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار جیسی گل بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
فلم کی زیادہ تر کاسٹ کینیڈین نژاد بھارتی اداکاروں پر مشتمل ہے، تاہم اس میں دیگر پاکستانی پنجابی اداکار بھی نظر آئیں گے۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں رنجیت باوا، مینڈے ٹکھڑ، سپنا پبی، نمال رشی، ناصر چنیوٹی اور نوپریت بانگا سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
