چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان کے شہر چھنگ دو میں چینی ماہر تعمیرات لیو جیاکُن شِنہوا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے-(شِنہوا)
ابوظہبی(شِنہوا)چینی ماہر تعمیرات لیو جیاکُن کو لوور ابوظہبی میں منعقدہ تقریب کے دوران 2025 کے پرٹزکر فن تعمیر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے جو فنِ تعمیر کے شعبے کا بین الاقوامی سطح پر سب سے اعلیٰ اعزاز ہے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے 54ویں ماہر تعمیرات اور دوسرے چینی شہری بن گئے ہیں۔
پرٹزکر پرائز جیوری کے چیئرمین اور 2016 کے انعام یافتہ الیجاندرو آراوینا نے کہا کہ لیو کو ایسے کام پر سراہا گیا جوعام لوگوں کی روزمرہ زندگی کو نمایاں کرتا ہے اور اجتماعی شناخت اور روحانی جستجو کو اجاگر کرتا ہے۔
آراوینا نے سیچھوان صوبے کے دارالحکومت چھینگ دو میں واقع لیو کے معروف منصوبے ویسٹ ویلیج بیس کو ان کے تعمیراتی کام کی نمایاں مثال قرار دیا، جو عوامی مقام اور کمیونٹی لائف کے تصور کو نئے سرے سے متعین کرتا ہے۔ لیو کی پیدائش 1956 میں چھنگ دو میں ہوئی اور ان کا زیادہ تر پیشہ ورانہ کام اسی شہر میں مرکوز ہے۔
1979 میں یہ ایوارڈ قائم کرنے والی حیات فاؤنڈیشن کے چیئرمین ٹام پرٹزکر نے معماری کے ذریعے معاشروں کو جوڑ کر انسانی ہمدردی کو فروغ دینے اور انسانی جذبے کو بلند کرنے پر لیو کو سراہا۔
اپنے خطاب میں لیو نے روایتی چینی فلسفے کو اجاگر کرتے ہوئے قدرت کے ساتھ ہم آہنگی سے رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فن تعمیر صرف پیشہ نہیں بلکہ معاشرے اور انسانی جذبے کے لئے مسلسل رد عمل ہے۔
تقریب میں 200 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی جن میں متحدہ عرب امارات میں چین کے سفیر ژانگ یی منگ، موجودہ جیوری اراکین، ماضی کے انعام یافتگان اور فن تعمیر، سفارت کاری اور ثقافت کی ممتاز شخصیات شامل تھیں۔
