پنجاب اسمبلی کے رکن شیخ امتیاز محمود نے بلدیاتی انتخابات کے طریقہ کار بارے سوالات اٹھاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے تفصیلات طلب کرلیں۔
ذرائع کے مطابق شیخ امتیاز محمود نے پارٹی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کے اعلان پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایک یو سی میں 9 کونسلرز کیلئے ایک ہی پارٹی نشان کیسے دیا جائے گا؟، یک ہی پارٹی نشان پر متعدد امیدواروں کے انتخاب کا طریقہ کار کیا ہوگا؟ اس حوالے سے واضح رہنمائی فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت درخواست کے تناظر میں الیکشن کمیشن سے فوری وضاحت ضروری ہے تاکہ بلدیاتی انتخابات کے طریقہ کار کو واضح کیا جا سکے۔
شیخ امتیاز محمود نے کہا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے انتخابی قوانین اور ضابطوں کی مکمل تفصیل فراہم کی جائے اور اس بات کی وضاحت کی جائے کہ ایک یونین کونسل میں متعدد امیدواروں کیلئے پارٹی نشان کے استعمال کا عملی طریقہ کار کیا ہوگا؟۔




