چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کے شہر کونمنگ کی دونان پھول منڈی میں ایک خاتون سیاح تصویر بنوارہی ہے-(شِنہوا)
کونمنگ (شِنہوا) 8 مارچ کو عالمی یوم نسواں کے قریب آنے کے ساتھ ہی ایشیا کی سب سے بڑی اور دنیا کی دوسری بڑی تازہ کٹے ہوئے پھولوں کی تجارتی منڈی دونان پھول منڈی میں فضا پھولوں کی خوشبو سے مہک رہی ہے اور توقعات عروج پر ہیں۔
چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کے صدرمقام کونمنگ میں حال ہی میں واقع منڈی کے دلکش پھولوں نے سیاحوں کو دونان کی جانب راغب کیا ہے۔
منڈی کے نیلامی مرکز میں نیلامی میں شریک افراد اسکرینز پر نگاہ رکھے ہوئے نظر آتے ہیں اور کسی بھی لمحے خریداری کا بٹن دبانے کو تیار رہتے ہیں، جیسے ہی یہ مرحلہ مکمل ہوتا ہے تو نیلام شدہ پھول دور دراز علاقوں میں ان کی منزل کی جانب روانہ کردیئے جاتے ہیں۔
عالمی یوم نسواں قریب آنے کے ساتھ ہی منڈی کے کونمنگ بین الاقوامی پھول نیلامی تجارتی مرکز کاعملہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہا ہے کہ پھول ملکی اور بین الاقوامی صارفین تک بہترین حالت میں پہنچ جائیں۔
مرکز کے شعبہ منصوبہ بندی کے سربراہ ژو چھی نے کہا کہ عالمی یوم نسواں کے لئے پھولوں کی فراہمی گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں طور پر بڑھ چکی ہے۔
یکم سے 5 مارچ تک اوسط یومیہ فراہمی 58لاکھ60 ہزار ڈنٹھل تک پہنچ گئی تھی جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 34 فیصد اور گزشتہ برس کے مقابلے میں 15 فیصد زائد ہے۔
ژو نے کہا کہ مارچ سے تازہ کٹے ہوئے پھولوں کے نرخ کا انڈیکس مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور مختلف اقسام کی فروخت میں مستقل اضافہ ہورہا ہے۔
