شنگھائی (شِنہوا) شنگھائی میں قائم فیوژن سٹارٹ اپ کمپنی انرجی سنگولیریٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس کا ایچ ایچ 70 ہائی ٹمپریچر سپر کنڈکٹنگ (ایچ ٹی ایس) ٹوکا ماک دنیا میں تجارتی بنیاد پر بنائے گئے کسی بھی نیوکلیئر فیوژن ڈیوائس کے لئے ایک نیا سنگ میل قائم کر چکا ہے جس نے ایک ہزار 337 سیکنڈ تک مستحکم اور طویل پلس پلازما کرنٹ برقرار رکھا۔
جوہری فیوژن، جو سورج کے تھرمو نیوکلئیر ردعمل کی نقل کرتا ہے اور عام طور پر اسے ‘‘مصنوعی سورج‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، توانائی اور کاربن کے اخراج کے متعلق انسانیت کو درپیش چیلنجز کا حتمی حل سمجھا جاتاہے۔
2021 میں چین کی پہلی نجی فیوژن انرجی کمپنی کے طور پر قائم ہونے والی انرجی سنگولیریٹی نے 2024 میں دنیا کا پہلا ایچ ٹی ایس ٹوکا ماک، ایچ ایچ 70 کامیابی کے ساتھ مکمل کرکے فعال کیا۔ اس آلے نے 5755 تجربات کئے، جن میں تازہ ترین تجربے میں ہزار سیکنڈ سطح کے پلس تک رسائی حاصل ہوئی۔
کمپنی کے مطابق اس کے اے آئی پر مبنی پلازما کنٹرول نظام کی مسلسل بہتری کی وجہ سے یہ سنگ میل حاصل کیا گیا۔
انرجی سنگولیریٹی کے شریک بانی ڈونگ گہ نے کہا کہ یہ کامیابی صرف وقت کے متعلق نہیں ہے، بلکہ اس سے یہ بات بھی ظاہر ہوتی ہے کہ ایچ ٹی ایس اور اے آئی کنٹرول ٹیکنالوجیز کا گہرا انضمام اب انجینئرنگ کے اعتبار سے عملی صلاحیت تک پہنچ چکا ہے، جو مستقبل کے فیوژن پاور پلانٹس کی کم لاگت اور اعلیٰ کارکردگی کی حامل تعمیر کے لئے راہ ہموار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد فیوژن توانائی سے حاصل ہونے والی بجلی کی اوسط لاگت کو تھرمل پاور کے برابر یا اس سے بھی کم کرنا ہے۔




