وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین نجم سیٹھی، ذکا اشرف، قومی ٹیم کے کھلاڑی اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے مختلف محکموں کے حکام میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں۔
افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سب کے لیے بڑی خوشی کا دن ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو بہت ہی شاندار طریقے سے مکمل ہوئی، ابھی آپ نے سنا کہ ایک ٹیم کے طور پر چاہے، کنٹریکٹرز ہیں یا مزدور اور محسن نقوی کی نگرانی میں اس کام کو ممکن کر دکھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں بھرپور مدد کی ہے، میں آپ کا بھی اور حکومت پنجاب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، شہباز اسپیڈ تو ماضی کی بات ہے، میں اس حوالے سے محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شاباش اور مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے حالیہ مہینوں میں بہت اعلیٰ کرکٹ کھیلی، پوری قوم کا آپ نے دل جیتا اور اب چیمپئنز ٹرافی آپ کی جیت کی منتظر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی جیت کر آپ پوری قوم کے ہیرو ہوں گے بلکہ جو ہمارا ہمسایہ (بھارت) ہے اس کو شکست دے کر آپ 24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے، ہم سب آپ کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم اس وقت کا انتظار کریں گے جب آپ بھارت کو شکست دیں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آپ نے آج سے تقریباً چار ماہ پہلے سنگ بنیاد رکھا تھا، یہ ایک پرانا اسٹیڈیم تھا اور ہمارا ہدف تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اس کو تعمیر کیا جائے۔
انہوں نے کہ تقریباً 2500 کے قریب مزدروں نے دن رات محنت سے کام کیا، اور اسے 177 روز کی ریکارڈ مدت میں جدید ترین اسٹیڈیم تیار کیا، مزید کہنا تھا کہ ایف ڈبلیو او نے اس ناممکن کو ممکن بنایا، ہمارے اس مشکل موقع پر بھی پاکستان آرمی ہماری مدد کو آئی ورنہ اتنے مختصر وقت میں یہ پروجیکٹ نہیں بن پاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 30 سال بعد ملک میں بڑا ٹورنامنٹ ہونے جارہا ہے، ہم مل کر اس کو کامیاب کریں گے۔
چیمپیئنز ٹرافی کا باضابطہ آغاز 19 فروری سے کراچی میں کرکٹ میچ سے ہوگا، ایونٹ کے بعض میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی ہوں گے۔
چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا، جس وجہ سے پاکستان اور بھارت کے میچز کے علاوہ بھارت کے تمام میچز یو اے ای میں ہوں گے۔
افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا، اگر فائنل میں بھارت پہنچا تو ایونٹ کا آخری میچ پاکستان میں نہیں ہوگا۔
