بیجنگ (شِنہوا) چین کی ریاستی کونسل کے تائیوان امور دفتر کے ترجمان نے کہا ہے کہ چینی مین لینڈ میں تائیوان کے مالی اعانت یافتہ کاروباری اداروں نے 2025 کے دوران مستحکم کارکردگی برقرار رکھی جبکہ اس کے ساتھ تائیوان سے سرمایہ کاری اور آبنائے پار تجارت میں بھی مضبوط اضافہ دیکھا گیا۔
اپنی معمول کی پریس بریفنگ میں ترجمان چھن بن ہوا نے کہا کہ سال 2025 کے پہلے 10 ماہ کے دوران مین لینڈ میں تائیوان کے مالی اعانت یافتہ 6 ہزار 423 نئے کاروباری ادارے قائم ہوئے، جس کے ساتھ حقیقی استعمال شدہ تائیوانی سرمایہ 1.75 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 53 فیصد زیادہ ہے۔
ان نئے اداروں میں سے 2 ہزار 43 صوبہ فوجیان میں قائم ہیں جو آبنائے تائیوان کی دوسری طرف واقع ہے، جہاں تائیوان سے استعمال شدہ سرمایہ 67 کروڑ امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ۔
ترجمان نے کہا کہ جنوری سے نومبر 2025 تک آبنائے پار تجارتی حجم 285.395 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کی نسبت 7.3 فیصد زیادہ ہے۔
آبنائے پار لوگوں کے تبادلوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے مین لینڈ کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبنائے پار فضائی کمپنیوں نے گزشتہ سال ہفتہ وار 610 سے زیادہ مسافر پروازیں چلائیں۔
چھن نے یہ اعداد و شمار بھی پیش کئے کہ شیامن-کن من فیری سروس نے جنوری تا نومبر 2025 کے دوران 17 لاکھ 50 ہزار سے زائد مسافر دورے ریکارڈ کئے، جو 45.77 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔




