غزہ شہر میں خوراک کی تقسیم کے ایک مرکز میں بچے امدادی خوراک کے حصول کی کوشش کررہے ہیں- (شِنہوا)
اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے غزہ کی پٹی میں اپنے امدادی قافلے پر اسرائیلی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ پورے خطے میں انسانی امداد کا راستہ محفوظ بنائیں۔
ورلڈ فوڈ پروگرام نے ایک بیان میں اتوار کے روز پیش آنے والے "خوفناک واقعے” کی شدید مذمت کی جس میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے قافلے پر اسرائیلی فورسز نے وادی غزہ چیک پوسٹ کے قریب فائرنگ کی جس سے عملے کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوئے اور گاڑیوں کی نقل و حمل کو روکا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے تمام ضروری کلیئرنس کے باوجود عملے کے 8 ارکان اور 3 گاڑیوں پر مشتمل قافلے پر جارحانہ فائرنگ کی۔ گاڑیوں پر کم از کم 16 گولیاں لگیں تاہم اس واقعے میں عملے کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجیرک نے معمول کی بریفنگ میں کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام اور ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ عالمی انسانی قوانین کا احترام کرتے ہوئے شہریوں کا تحفظ کریں اور غزہ اور اس کے اطراف انسانی امداد کی محفوظ ترسیل کی اجازت دیں۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کا کہنا ہے کہ یہ ناقابل قبول واقعہ اس پیچیدہ اور خطرناک کام کے ماحول کی تازہ ترین مثال ہے جس میں وہ اور دیگر ادارے اس وقت کام کررہے ہیں۔
