چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لے جی پیرو کی کانگریس کے صدر ایڈورڈو سلہوانا سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی قومی عوامی کانگریس (این پی سی) کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لے جی نے پیرو کی کانگریس کے صدر ایڈورڈو سلہوانا سے ملاقات کی۔
ژاؤلے جی نے کہا کہ چین پیرو کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ سربراہان مملکت کی سفارت کاری کے اہم نتائج پر عملدرآمد کیا جا سکے، چین-پیرو جامع تزویراتی شراکت داری کو آگے بڑھایا جا سکے اور دونوں ملکوں اور ان کے عوام کو مزید فوائد حاصل ہوں۔
ژاؤ لے جی نے کہا کہ چین اور پیرو کے دوستانہ تعاون کو مضبوط کرنا دونوں ممالک کے عوام کی مشترکہ توقعات ہیں، دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کو دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور طویل مدتی ترقی کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی این پی سی پیرو کی کانگریس کے ساتھ مل کر اعلیٰ سطح کے عہدیداروں، خصوصی کمیٹیوں، دوطرفہ دوستی گروپوں اور دیگر فورمز کے درمیان تبادلوں کو مضبوط بنانے، نظم ونسق کے تجربے پر ایک دوسرے سے سیکھنے کے عمل کو مضبوط بنانے، باہمی دوستی کو بڑھانے اور اپنے متعلقہ قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہوں پر گامزن ہونے میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کو تیار ہے۔
ژاؤلے جی نے کہا کہ چین- پیرو تعاون کا ایک تاریخی منصوبہ چنکائی بندرگاہ چین اور پیرو کے ساتھ ساتھ چین اور لاطینی امریکہ کے مابین بیلٹ اینڈ روڈ کی اعلی معیار کی مشترکہ تعمیر کو فروغ دینے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ پیرو کی کانگریس بندرگاہ کی تعمیر کی حمایت جاری رکھے گی۔
اس موقع پر پیرو کی کانگریس کے صدر ایڈورڈو سلہوانا نے کہا کہ پیرو ایک چین کے اصول پر سختی سے کاربند ہے اور چین کے ساتھ معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، بجلی، بنیادی شہری سہولیات، ثقافت اور دیگر شعبوں میں باہمی مفید تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیرو کی کانگریس کی تمام جماعتیں چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی حمایت کرتی ہیں اور دوطرفہ تعلقات کی ترقی میں قانونی کردار ادا کرنے کے لئے چین کی این پی سی کے ساتھ دوستانہ تبادلوں کو مضبوط بنانے کے لئے تیار ہیں۔
