چین کی نئی توانائی کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ایکس پی ای این جی اور جرمنی کی آٹوموبائل کمپنی ووکس ویگن نے چین میں سپر فاسٹ چارجنگ نیٹ ورک کے حوالے سے تزویراتی تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں-(شِنہوا)
گوانگ ژو(شِنہوا)چین کی نئی توانائی کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ایکس پی ای این جی اور جرمنی کی آٹوموبائل کمپنی ووکس ویگن نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے چین میں تیزترین چارجنگ نیٹ ورک کے حوالے سے تزویراتی تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔
ایکس پی ای این جی کے ایک بیان کے مطابق تزویراتی تعاون کے ذریعے ایکس پی ای این جی اور ووکس ویگن گروپ کا مقصد صارفین کو ایک تیزترین چارجنگ نیٹ ورک فراہم کرنا ہے جس کے تحت 420شہروں میں 20ہزار سے زیادہ چارجنگ پلگ لگانا شامل ہے۔
اس تعاون سے چین میں مشترکہ برانڈ سپر فاسٹ چارجنگ سٹیشنوں کے قیام کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جس کا مقصد چارجنگ نیٹ ورک کی توسیع کو مزید تیز کرنا اور آپریشنل کارکردگی کو بڑھانا ہے۔
تزویراتی تعاون ایکس پی ای این جی اور ووکس ویگن کے مابین طویل مدتی تزویراتی شراکت داری میں ایک اور پیشرفت کو ظاہر کرتا ہے۔ 2023 میں دونوں کمپنیوں نے تزویراتی تکنیکی تعاون کے ایک لائحہ عمل معاہدے اور حصص کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کئے جس میں ووکس ویگن نے تقریباً 70کروڑ امریکی ڈالر میں ایکس پی این جی میں 4.99 فیصد حصص حاصل کئے۔
2024 میں ایکس پی ای این جی نے ایک لاکھ 90ہزار 68 گاڑیاں فراہم کیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 34 فیصد اضافہ ہے۔ چائنہ ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے مطابق گزشتہ سال چین کی کل این ای وی پیداوار کا تخمینہ ایک کروڑ20لاکھ سے زیادہ ہے۔
