چین کے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقے کے شہر شی گازے کی ڈنگری کاؤنٹی کی چھانگ سو ٹاؤن شپ میں امدادی کارکن زلزلے سے متاثرہ علاقے میں کام کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے چین کے جنوب مغربی شی زانگ خود مختار علاقے کی کاؤنٹی میں بھاری جانی نقصان کا باعث بننے والے 6.8 شدت کے زلزلے کے بعد زندگیاں بچانے اور ہلاکتیں کم رکھنے کے لئے تمام ممکنہ امدادی کوششوں کاحکم دیا ہے۔
شی جن پھنگ نے تلاش اور امداد کے لئے بھرپور کوششوں اور زخمیوں کو علاج معالجے کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
چینی صدر نے ثانوی آفات کی روک تھام،متاثرہ شہریوں کی مناسب انداز میں دوبارہ آبادکاری اور تباہی سے موثر انداز میں نمٹنے کی کوششوں پر بھی زور دیا۔
شی نے کہا کہ زلزلے کی نگرانی اور بروقت انتباہ کا نظام مستحکم بنانا،قدرتی آفات میں امدادی سامان فوری مختص کرنا اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی مرمت تیز کرنا ضروری ہے۔شہریوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا اور تمام افراد کے لئے محفوظ اور گرم موسم سرما کی ضمانت بھی ناگزیر ہے۔
وزیر اعظم لی چھیانگ نے بھی آفت کی صورتحال اور ہلاکتوں کے پیمانے کی تیز تر نگرانی، تلاش اور امداد کی کاروائیاں منظم کرنے اور کم سے کم جانی نقصان یقینی بنانے پر زور دیا۔
نائب وزیر اعظم ژانگ گو چھنگ ریسکیو اور امداد کی کاروائیوں میں رہنمائی کے لئے ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے زلزلے سے متاثرہ مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
