جاپانی وزیرخارجہ تاکیشی ایوایا جاپان کے شہر ٹوکیو میں منعقدہ 20 ویں بیجنگ ۔ ٹوکیو فورم سے خطاب کررہے ہیں۔(شِنہوا)
ٹوکیو (شِنہوا) چین اور جاپان کے مختلف شعبوں کے 400 سے زائد نمائندوں نے 20 ویں بیجنگ۔ ٹوکیو فورم میں شرکت کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون میں پیشرفت کے لئے مختلف موضوعات پر تبادلوں کی خواہش کا اظہار کیا اور گفتگو کی۔
اس 2 روزہ فورم میں "امن کی بحالی اور چین ۔ جاپان تعاون سے کثیر جہتی تعاون پر مبنی عالمی نظام کی تعمیر نو” کے موضوع پر کثیر جہتی تعاون میں پیشرفت، امن و استحکام یقینی بنانے، سیاسی اعتماد میں اضافے، اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چین کی ریاستی کونسل کے دفتر اطلاعات کے ایک نمائندے نے چینی اور جاپانی رہنماؤں کے درمیان حالیہ ملاقات کو اجاگر کیا جس میں باہمی فائدے کے لئے چین ۔جاپان اسٹریٹجک تعلقات کو جامع انداز سے آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اتفاق رائے پر عملدرآمد سے تمام سطح پر بات چیت کو تقویت ملے گی اور تعمیری و مستحکم دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت ہوگی۔
جاپانی وزیر خارجہ تاکیشی ایوایا نے اپنے افتتاحی خطاب میں اس فورم کو دونوں ممالک کے دانشوروں کے درمیان بات چیت اور خیالات کے تبادلے کا ایک دیرینہ پلیٹ فارم قرار دیا۔
اختتامی استقبالیہ سے جاپانی وزیراعظم شیگیرو ایشیبا نے اپنے تحریری خطاب میں کہا کہ جاپان اور چین مجموعی طورپر ایشیا اور دنیا بھر میں اہم ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ براہ راست مکالمہ مسائل کے حل اور تعاون کو وسیع کرنے کا نقطہ آغاز ہے۔
