چین کے مشرقی صوبے ژےجیانگ کے شہر جن ہوا میں واقع جن ہوا یونیورسٹی آف ووکیشنل ٹیکنالوجی (جے یو وی ٹی) میں ایک خاتون ٹیچر ماحول دوست مہارتوں سے متعلق اختیاری کورس پڑھا رہی ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی حکومت نے رواں سال ملک کے دیہی علاقوں میں لازمی تعلیم کے سکولوں میں کام کرنے کے لئے 7 ہزار ریٹائرڈ اساتذہ کو ملازمت دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
وزارت تعلیم اور وزارت خزانہ کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری ہونےوالے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بھرتی مہم اس عملی منصوبے کا حصہ ہے جسے حکومت نے 2018 میں شروع کیا تھا تاکہ دیہی علاقوں میں پڑھانے کے لئے ریٹائرڈ ماہرین تعلیم کی خدمات حاصل کرکے دیہی تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
بیان کے مطابق یہ مہم بنیادی طور پر 65 سال تک کی عمر کے ریٹائرڈ پرنسپلز، تدریسی تحقیقی عملے اور تجربہ کار اساتذہ پر مرکوز ہوگی۔
منصوبے کے تحت بھرتی کئے گئے تدریسی ماہرین ان کاؤنٹی، قصبہ اور دیہاتی سکولوں میں خدمات انجام دیں گے جو پہلے غربت سے نکلے ہوئے علاقوں، پسماندہ نسلی کاؤنٹیوں، سرحدی خطوں اور دیگر ایسے مقامات میں واقع ہیں جہاں تعلیمی وسائل ناکافی ہیں۔
