چین کے مشرقی صوبے جیانگسو میں ایک ٹرین کی میزبان اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین میں قومی دن اور وسط خزاں تہوار کی 8 روزہ تعطیلات کے پہلے نصف حصے کے دوران مسافروں کی بین العلاقائی آمدورفت تاریخی سطح تک پہنچ گئی۔ اس دوران تقریباً 1.24 ارب سفر ریکارڈ کئے گئے۔وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار ملک کے متحرک سفری شعبے کی توانائی اور وسعت کو اجاگر کرتے ہیں۔
وزارت کے مطابق صرف ہفتے کے روز ہی بین العلاقائی مسافروں کی تعداد 30 کروڑ 12 لاکھ 90 ہزار رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.1 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ تعطیلات کے پہلے نصف حصے میں یومیہ اوسط آمدورفت 31 کروڑ سے زائد رہی۔
ریلوے کے ذریعے مسافروں کی آمدورفت سالانہ بنیاد پر 4.5 فیصد اضافے کے ساتھ ایک کروڑ 83 لاکھ 30 ہزار تک پہنچ گئی۔ آبی راستوں سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد 5.6 فیصد بڑھ کر 19 لاکھ 10 ہزار ہو گئی جبکہ شہری ہوابازی کے مسافروں کی تعداد 4.1 فیصد اضافے کے ساتھ تعداد 23 لاکھ 20 ہزار تک جا پہنچی۔
سڑک کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد 27 کروڑ 87 لاکھ 30 ہزار رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.2 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے اور یہ اب بھی عوامی سفر کے لئے سب سے زیادہ پسندیدہ ترجیح بنی ہوئی ہے۔
وزارت کے مطابق بیجنگ، شنگھائی، گوانگ ژو اور شین زین جیسے درجہ اول کے بڑے شہر چھٹیوں میں سفر کے لئے عوام کے سب سے پسندیدہ مقامات رہے جبکہ چھنگ دو اور شی آن جیسے مشہور سیاحتی شہر بھی نمایاں رہے۔
وزارت نے اس سے قبل اندازہ لگایا تھا کہ تعطیلات کے دوران ملک بھر میں سفر کی مجموعی تعداد تقریباً 2.36 ارب تک پہنچ جائے گی۔
