امریکا کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر پہلی پرواز پاکستان پہنچ گئی،مجموعی طور پر چھ پروازوں کے ذریعے امدادی سامان پاکستان پہنچے گا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کےذریعے سیلاب متاثرین کیلئے امداد فراہم کی جارہی ہے،امریکی ناظم الامور نے امدادی سامان فوجی حکام کے حوالے کیا، امدادی سامان میں خیمے، جنریٹرز اور پانی نکالنے والی مشینیں شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہےکہ امدادی سامان پاک فوج کےریلیف کیمپوں کے ذریعے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا،پاکستانی حکومت اورعوام سیلاب متاثرین کا ساتھ دینے پر امریکی حکومت اور افواج کے شکر گزار ہیں۔
دوسری جانب امریکی ناظم الامورکی قیادت میں امریکی سینٹرل کمانڈ اور ڈیزاسٹر ریسپانس گروپ نے این ای او سی کا دورہ کیا،چیئرمین این ڈی ایم اے نے وفد کو این ای او سی کے صلاحیتی دائرہ کار اور پیشگی انتباہی نظام پر بریفنگ دی،قدرتی آفات کے تدارک اور موسمیاتی تبدیلیاں کے منفی اثرات سے نمٹنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیٹلی بیکر نےاین ڈی ایم اے کے جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ ماڈل کو خطے کے لیے مثالی قرار دیا،امریکا کی تکنیکی ماہرین اورفلاحی اداروں کے ذریعے معاونت کی یقینی دہانی کرائی،لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک فرینک نے این ڈی ایم اے کے فعال اقدامات کو سراہا،امریکی وفدنے آفات سے بچاؤ اور باہمی فرضی مشقوں میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا،اس کے علاوہ امریکی محکمہ خارجہ کی ڈیزاسٹر ایکسپرٹ برائے ایشیا ایوانا وواور ٹیم نے بھی دورہ کیا۔
پنجاب کےسیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کاوسیع پیمانے پرریسکیو اورریلیف آپریشن جاری ہے، گوجرانوالہ،سیالکوٹ،گجرات،نارووال اورشکر گڑھ کے متاثرہ علاقوں سے ہزاروں کاانخلا کیا گیا،جنرل آفیسر کمانڈنگ میجرجنرل عمران خان بابرکاسیالکوٹ کےسیلاب متاثرہ علاقوں کادورہ کیا،جی اوسی نے ریلیف اورمیڈیکل کیمپس میں متاثرین کوفراہم کی جانےوالی سہولیات کاجائزہ لیا،پاک فوج کی دن رات کی انتھک کاوشوں سےہزاروں سیلاب متاثرین کوزندگی کی امیدملی۔
