اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ تریندہشت گردی کی لعنت کو نیست و نابود،دہشت گردوں کی کمر توڑنے...

دہشت گردی کی لعنت کو نیست و نابود،دہشت گردوں کی کمر توڑنے پر افواج پاکستان پر فخر ہے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یوم دفاع کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کو نیست و نابود،دہشت گردوں کی کمر توڑنے پر افواج پاکستان پر فخر ہے،یوم دفاع منانا اس عزم کا اعادہ ہے افواج پاکستان ملکی حفاظت کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گی۔

تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر جاری پیغام میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 6 یوم دفاع پاکستان کی قومی جرات و بہادری کے لازوال استعارے کی حیثیت رکھتا ہے، دشمن ملک کی افواج نے 6 ستمبر کو بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے آدھی رات کو مملکت پاکستان پر حملہ کر دیا تھامگر افواج پاکستان اور بہادر عوام نے ملک کے تحفظ و سلامتی اور آزادی کیلئے اپنی جانوں کی پروا ہ کئے بغیر بھارتی افواج کے سامنے جرات و بہادری کی وہ مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کا شمار دنیا کی بہادر،جرات مند اور مضبوط ترین افواج میں ہوتا ہے جو نہ صرف اپنے ملک بلکہ اقوام عالم کے امن مشن اور انسانیت کی بھلائی و حفاظت کیلئے متعدد بار اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کو نا قابل تسخیر بنانے کیلئے مخالفت کے با وجود شہید ذولفقار علی بھٹو نے پاکستان کو نیو کلیئر پاور بنانے کی بنیاد رکھی،آج شہید ذولفقار علی بھٹو کی وجہ سے دنیا کی کوئی طاقت بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان نے اپنے دفاعی قوت کو مزید بہتر بنایا ہے تاکہ دشمن کو بھرپور جواب دیاجا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے حوالے سے شہید قائدعوام کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں افواج پاکستان اور عوام نے بیشمار جانی و مالی قربانیاں دیں ہیں،ہم سب کو اپنی افواج پر فخر ہے جس نے دہشت گردی کی لعنت کو نیست و نابود کیااور دہشت گردوں کے خلاف متعدد آپریشن شروع کر کے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے امن اور سلامتی کیلئے نوجوان سپوتوں نے اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کیا جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان کا منایا جانا دراصل دشمن قوتوں کیلئے اس پیغام کا اعادہ ہے کہ افواج پاکستان اور قوم نے1965 اور 1971 کی جنگ اور ملک میں دہشت گردی کے خلاف جس عزم اور جرات کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے اور یہ کہ آئندہ بھی ملک کی حفاظت کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!