زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں لوگ سینما میں چینی فلم کے پوسٹر کے سامنے گفتگو کررہے ہیں-(شِنہوا)
ہرارے(شِنہوا)زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں واقع مشہور ویسٹ گیٹ سینماز میں پرجوش فلمی شائقین نے چائنہ فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ یہ چین اور زمبابوے کے درمیان ثقافتی تبادلے کا ایک رنگا رنگ جشن تھا۔
افتتاحی فیسٹیول کا آغاز معروف اداکار جیکی چھن کی ایکشن کامیڈی فلم پانڈا پلان سے ہوا جس نے تقریب میں شریک حکومتی حکام، فلم سازوں اور فلمی شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
زمبابوے کی فلم پروڈیوسر بلنڈا موسیمبوری نے کہا کہ یہ تجربہ نہایت شاندار تھا اور اس میں میرے پسندیدہ اداکار جیکی چھن کی موجودگی سے یہ لمحہ میرے لئے مزید خاص بن گیا۔
تقریب سے قبل زمبابوے کی نائب وزیر برائے کھیل، تفریح، فنون و ثقافت ایملی جیسایا نے اس بات پر زور دیا کہ فلمی میلوں کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔
جیسایا نے شِنہوا کو بتایا کہ آج جس چینی فلمی میلے کا ہم جشن منا رہے ہیں وہ چین اور زمبابوے کے درمیان تعلقات کا مظہر ہے۔ فلم اور ثقافت کے ذریعے رشتوں کو منانا اس لئے بھی اہم ہے کہ ہم فنون اور ثقافت کے کردار کا احترام کرتے ہیں۔
دو ممالک کے درمیان گہرے ہوتے تعلقات کے تناظر میں جیسایا نے نشاندہی کی کہ یہ فلمی میلہ فلم سازی اور ثقافتی تبادلے میں تعاون کے مواقع پیدا کرتا ہے۔
زمبابوے میں چین کے سفیر ژو ڈنگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرحدوں کو عبور کرنے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لئے سینما کی طاقت پر زور دیا۔
یہ 2 روزہ فلمی میلہ چین کے سفارت خانے، چائنہ فلم ایڈمنسٹریشن اور زمبابوے کی وزارت کھیل، تفریح، فنون و ثقافت کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے۔ میلے میں 4 چینی فلمیں دکھائی جائیں گی۔
