چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی برازیل کے صدر کے خصوصی مشیر سیلسو اموریم سے ملاقات کی فائل فوٹو۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے اعلیٰ سفارتکار وانگ یی نے کہا ہے کہ چین برازیل کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے اور اپنے تعاون میں موجود استحکام اور تکمیلیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بیرونی غیر یقینی صورت حال سے موثر طور پر نمٹنے کی خاطر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور خارجہ امور کے مرکزی کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ یی نے برازیلی صدر کے چیف ایڈوائزر سیلسو اموریم سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ اور برازیلی صدر لوئس اناسیو لولا ڈی سلوا کی تزویراتی رہنمائی کے تحت چین اور برازیل ایک منصفانہ دنیا اور ایک پائیدار کرہ ارض کے لئے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دونوں ترقی پذیر ممالک کی مشترکہ سوچ اور ذمہ داری کا عکاس ہے کہ وہ ایک کثیرالقطبی دنیا کی تشکیل، بین الاقوامی اصولوں اور نظم و ضبط کی حمایت اور عالمی انصاف و مساوات کے تحفظ کے لئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ چین برازیل کی ترقی کے حق کے دفاع اور من مانی تجارتی محصولات جیسے دھمکی آمیز اقدامات کی مخالفت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ وانگ نے کہا کہ چونکہ چین اور برازیل بالترتیب مشرقی اور مغربی نصف کرہ ارض کے سب سے بڑے ترقی پذیر ممالک ہیں، اس لئے ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے، قریبی رابطہ قائم کیا ہے اور نہ صرف اپنے بلکہ عالمی جنوب کے دیگر ممالک کے جائز مفادات کا بھی بھرپور دفاع کیا ہے۔
اموریم نے کہا کہ برازیل تجارت، مالیات اور دیگر شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے اور وہ چین کے ساتھ مل کر برکس میکانزم کو بہتر بنانے، عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان یکجہتی اور خودانحصاری کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی انصاف و مساوات کے دفاع کے لئے تیار ہے۔
برازیلی صدارتی مشیر سے یوکرین کے بحران پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وانگ یی نے کہا کہ دونوں ممالک کو رابطہ برقرار رکھنا چاہیے اور فرینڈز فار پیس گروپ کے ذریعے جنگ بندی اور مذاکرات کے فروغ پر عالمی جنوب میں وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں تاکہ بحران کے سیاسی حل میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
