امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے باہر واقع رونالڈ ریگن واشنگٹن قومی ہوائی اڈے کے سکیورٹی چیک پوائنٹ پر ایک مسافر کی مکمل جسمانی سکیننگ کی جارہی ہے-(شِنہوا)
واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ افریقی ممالک ملاوی اور زیمبیا سے تعلق رکھنے والے بعض سیاحتی اور کاروباری ویزا درخواست دہندگان کو ویزا حاصل کرنے سے پہلے 15ہزار امریکی ڈالر تک کی زرضمانت جمع کروانا ہوگی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے ویب سائٹ پر جاری ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 20 اگست 2025 سے ایسے تمام افراد جو ان مخصوص ممالک میں سے کسی ایک کے جاری کردہ پاسپورٹ پر سفر کر رہے ہوں، جنہیں عمومی طور پر بی ون اور بی ٹو ویزا کے لئے اہل قرار دیا گیا ہو، انہیں 5 ہزار، 10 ہزار یا 15 ہزار امریکی ڈالر کی زرضمانت جمع کرانا ہوگی جس کا تعین انٹرویو کے وقت کیا جائے گا۔
یہ شرط ایک آزمائشی پروگرام کا حصہ ہے جو 20 اگست 2025 سے شروع ہو کر 5 اگست 2026 تک جاری رہے گا۔ یہ ان مخصوص غیر ملکیوں پر لاگو ہوگا جو امریکہ کے لئے بی ون (کاروباری) یا بی ٹو (سیاحتی) ویزے کے لئے درخواست دے رہے ہیں، یہ ویزے عام طور پر زیادہ سے زیادہ 6 ماہ کے لئے کارآمد ہوتے ہیں تاہم بعض صورتوں میں اس میں توسیع بھی ممکن ہے۔
نوٹس کے مطابق اس پروگرام کے دوران ملکوں کی فہرست میں تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس شرط پر اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ویزا کی درخواست کہاں سے دی گئی ہے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ زر ضمانت جمع کروانے کا مطلب یہ نہیں کہ ویزا لازمی ملے گا اور اگر کوئی شخص قونصلر افسر کی ہدایت کے بغیر پیسے جمع کرائے گا تو وہ رقم واپس نہیں کی جائے گی۔
