میانمار کے شہر نیپی تاؤ میں چین اور میانمار کے درمیان لان کانگ- می کونگ تعاون (ایل ایم سی) خصوصی فنڈ کے تحت منصوبوں کے لئے تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے جارہے ہیں- (شِنہوا)
یانگون(شِنہوا)میانمار کے دارالحکومت نیپی تاؤ میں لان کانگ-می کونگ تعاون (ایل ایم سی) خصوصی فنڈ 2025 کے تحت منصوبوں کے لئے تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
میانمار میں چینی سفارتخانے کے بیان کے مطابق میانمار میں چین کی سفیر ما جیا اور میانمار کے نائب وزیر خارجہ یو کو کو کیاؤ نے ایل ایم سی تعاون کے منصوبوں کے معاہدے پر دستخط کئے۔
چینی سفیر ما جیا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل ایم سی خصوصی فنڈ 2025 کے تحت 14 منصوبوں پر دستخط سے زراعت، ماحولیاتی تحفظ، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت، تعلیم اور آفات سے بچاؤ جیسے شعبوں میں میانمار کی ترقی جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔
ما جیا نے کہا کہ چین میانمار کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے، فنڈز کا بہتر استعمال کرنے اور چین-میانمار مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں اقوام کو مزید فوائد پہنچائے جاسکیں۔
میانمار کے خارجہ امور کے یونین وزیر اور ریاستی سلامتی و امن کمیشن کے رکن یو تھان سوے نے چین کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میانمار کی حکومت اور عوام چین کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز اور ترقی کے مواقع میں شراکت کے لئے دلی شکر گزار ہیں۔
2018 سے اب تک میانمار کو ایل ایم سی فنڈ کے تحت 8 مراحل میں مجموعی طور پر 132 منصوبوں کے لئے حمایت حاصل ہوئی ہے جو کہ منظور شدہ منصوبوں کی تعداد کے لحاظ سے می کونگ ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔
