انڈونیشیا کے جزیرہ صوبے بالی کے سانور ساحل پر شہری اور امدادی کارکن الٹی ہوئی کشتی کو رسی سے کھینچ کر باہر نکال رہے ہیں-(شِنہوا)
جکارتہ(شِنہوا)انڈونیشیا کے صوبے بالی کے علاقے دنپاسر میں چینی قونصل جنرل نے تصدیق کی ہے کہ انڈونیشیا کے جزیرہ صوبہ بالی کے قریب کشتی الٹنے کے ایک حادثے میں 2 چینی شہری جاں بحق ہوگئے ہیں۔
دنپاسر میں تلاش اور امداد کے دفتر کے سربراہ آئی نائمان سِیداکاریا نے بتایا کہ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً سہ پہر 3 بجے پیش آیا، جب ڈولفن-ٹو نامی کشتی صوبہ بالی میں نوسا پنیدا بندرگاہ سے سانور بندرگاہ کی جانب جاتے ہوئے بڑی لہروں سے ٹکرا گئی اور اپنی منزل کے قریب الٹ گئی۔
سِیدا کاریا کےمطابق کشتی میں 75 مسافر سوار تھے جن میں 73 غیر ملکی سیاح تھے جبکہ 5 عملے کے ارکان بھی تھے۔ حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک لاپتہ ہوگیا جبکہ 77 افراد کو بچا لیا گیا۔
حادثے کے بعد تلاش اور بچاؤ کی مقامی ٹیموں نے امدادی کارروائیوں کے لئے ربڑ کی کشتیاں اور عملہ تعینات کیا۔ لاپتہ شخص کی تلاش جاری ہے۔
چینی قونصل خانے نے کہا کہ حادثے کے فوراً بعد ہنگامی ردعمل کے اپنے طریقہ کار کو فعال کیا گیا، انڈونیشیا کے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا اور حادثے کے بعد کے معاملات کو سنبھالنے کے لئے کام کیا۔
قونصل خانے نے چین کے شہریوں کو تاکید کی کہ انڈونیشیا میں سمندرکی صورتحال پر نظر رکھیں اور سفری حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔
